اسٹیٹ بنک کے ذخائر آٹھ ارب ڈالر سے بڑھ کر بارہ ارب پچاس کروڑ ڈالر ہوگئے

Share this story

پاک جرگہ (ویب ڈیسک) اطلاعات ونشریات کے وزیر شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں سے سٹیٹ بنک کے ذخائر آٹھ ارب ڈالر سے بڑھ کر ساڑھے بارہ ارب ڈالر ہوگئے ہیں۔

انہوں نے منگل کے روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے متعلق صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جب ہم برسر اقتدار آئے تو حسابات جاریہ کا خسارہ بیس ارب ڈلر تھا اور ہم صرف دوسال میں اسے محض تین ارب ڈالر تک لے آئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے احساس پروگرام کے تحت ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کی مالی معاونت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافے کی پالیسی اختیار کی جس سے معیشت مستحکم ہوئی۔

شبلی فراز نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کیلئے تاریخی امدادی پیکج اور تعمیراتی سرگرمیوں کی بحالی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اشتہارات کی مد میں ذرائع ابلاغ کو واجب الادا 89 کروڑ دس لاکھ روپے کی ادائیگیاں کر دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی انسداد تجاوزات مہم کے تحت سرینگر ہائی وے پر تمام غیرقانونی تعمیرات گرا دی گئی ہیں اور شجرکاری کر دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے جس طرح کورونا وائرس پر قابو پایا ہے دنیا اس کی مثالیں دے رہی ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ جنہوں نے سخت لاک ڈاؤن کے نعرے لگائے تھے وہ آج دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کورونا وائرس سے ترقی یافتہ ملکوں کی نسبت ہمارے ملک میں کم تباہی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے 14 اگست کو یوم آزادی شایان شان انداز میں منانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

 

Share this story

Leave a Reply