امریکا میں دوبارہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت آئے گی، سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو

Share this story

واشنگٹن: امریکی سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے ڈھٹائی سے بیان دیا ہے کہ امریکا میں 20 جنوری کو پرامن طریقے سے اقتدار کی منتقلی ہوگی لیکن جوبائیڈن کو نہیں بلکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ اقتدار سنبھالیں گے۔

مائیک پومپیو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام پرامید رہیں صدارتی انتخابات 2020ء میں ڈالے گئے تمام ووٹوں کی گنتی ہوگی جس کے بعد ہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ دوبارہ اقتدار میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں۔

خیال رہے کہ صدارتی انتخابات 2020ء میں ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح شکست ہو چکی ہے لیکن وہ جوبائیڈن کی فتح کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے بار بار دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں۔ انہوں نے اس کیخلاف قانونی جنگ تک لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ میرا دور ختم ہو گیا، وہ غلط ہیں۔

وقت جیسے جیسے گزر رہا ہے امریکی سیاست میں شدید تلخی پیدا ہوتی نظر آ رہی ہے جس کی تاریخ میں کبھی مثال نہیں ملتی، ایسا کبھی نہیں ہوا کہ کسی صدر نے اپنی شکست کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اقتدار کی پرامن منتقلی میں روڑے اٹکانے کی کوشش کی ہو۔

گزشتہ روز وائٹ ہائوس کی ترجمان کی جانب سے بھی انتہائی سخت بیان دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ہم نے جوبائیڈن کی مبینہ فتح کیخلاف جنگ کا آغاز کر دیا ہے جو انصاف کے حصول تک جاری رہے گی۔ ابھی امریکا کے صدارتی الیکشن کا اختتام نہیں ہوا ہے۔

ادھر گزشتہ روز امریکی اٹارنی جنرل نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کے بعد اس کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔ تاہم سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کے پاس دھاندلی کے کوئی واضح اور ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہیں۔

This article originally appeared on Neo News

Share this story

Leave a Reply