امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

Share this story

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کیا کہ وہ اور خاتون اوّل میلانیا ٹرمپ کے کوویڈ۔19 کے رزلٹ مثبت آئے ہیں

واشنگٹن  (پاک جرگہ، 2nd October, 2020) صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ رزلٹ مثبت آئے ہیں، جس کا اعلان صدر نے جمعہ کو علی الصبح ایک ٹویٹ کے زریعے کیا۔

جمعہ کی صبح 1 بجے سے پہلے ٹرمپ نے ٹویٹ کیا کہ “آج رات ملانیا اور میرے کورونا وائرس کے ٹیسٹ رزلٹ مثبت آئے ہیں۔ ہم فوری طور پر اپنے قرنطینہ اور صحتیابی کا عمل شروع کردیں گے۔ ہم اس میں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں!”۔

سی این این کے مطابق صدر مملکت نے رات گئے ہی اس طرف اشارہ کیا تھا کہ انہوں نے قرنطینہ کرنے کا ارادہ کیا ہے۔

ٹرمپ نے جمعرات کی شب ٹویٹ کیا کہ “ہوپ ہائیکس (Hope Hicks)، جو بغیر کسی وقفے کے ان تھک محنت کر رہی ہیں، ان کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ رزلٹ مثبت آیا ہے۔ افسوس ناک! خاتون اوّل اور میں اپنے ٹیسٹ کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔ اسی دوران ہم اپنے قرنطینہ کے عمل کو شروع کردیں گے!”۔

ہائیکس، صدر کے ساتھ حال ہی میں کئی بار سفر کر چکی ہیں، جن میں منگل کے روز کلیولینڈ (Cleveland) میں ہونے والے مباحثے میں شمولیت بھی شامل ہے۔ 

صدر ٹرمپ کو بدھ کے روز منیسوٹا میں ایک انتخابی ریلی میں شرکت کے لیے جاتے وقت جیریڈ کشنر، ڈین سکیوینو اور نکولس لونا اور دیگر  قریبی ساتھیوں کے ہمراہ میرین ون پر سوار ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جن میں کسی نے بھی ماسک نہیں پہنا ہوا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے پریس سکریٹری Kayleigh McEnany  نے اس سے قبل ٹرمپ کو “امریکہ کا سب سے زیادہ ٹیسٹ کروانے والا آدمی” بتایا تھا، جو دوسروں میں وائرس پھیلانے کا خطرہ نہیں بن سکتا۔ لیکن ٹرمپ نے اس دعوے کی چند ہی گھنٹوں میں نفی کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کوئی ایسا دن یاد نہیں کہ جب ایک دن میں انہوں نے ایک سے زیادہ مرتبہ کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا ہو۔

ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ وہ اور میلانیا ہوپ کے ساتھ کافی وقت گزار چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ کو ماسک پہننا پسند نہیں وہ سرکاری تقاریب میں اہلکاروں یا دیگر افراد کے ساتھ گھلے ملے نظر آتے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق منی سوٹا سے واپسی پر ہوپ ہکس میں کورونا کی علامات ظاہر ہونا شروع ہو گئی تھیں اور انھیں اسی وقت طیارے میں ہی قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

کورونا وائرس سے امریکا میں اموات کی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد 75 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔

Share this story

Leave a Reply