حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عظیم قربانی مسلمانوں کیلئے رہنماء اصول ہے: صدر،وزیراعظم

Share this story

مانیٹرنگ ڈیسک – یوم عاشور کے موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے جانثار رفقاء کی عظیم قربانی درحقیقت مسلمانوں کیلئے رہنماء اصول ہے جو انہیں درس دیتی ہے کہ حق و صداقت کی سربلندی کی جدوجہد کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت امام حسین کی شہادت حقیقت میں حق کی فتح ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور قربانی کی عظیم مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین کی قربانی مسلمانوں کو درس دیتی ہے کہ ہمیں بدی کی قوتوں کے خلاف جنگ میں اپنی زندگی کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہئے۔

صدر نے عوام پر زور دیا کہ ہمیں حق کی فتح انصاف کے فروغ اسلامی اقدار سے وابستگی اور قومی ترقی و خوشحالی کیلئے ہر ممکن کوشش کا عہد کرنا چاہئے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ حق و باطل کے درمیان کربلا میں تاریخی جنگ نے یہ حقیقت واضح کر دی کہ حقیقی کامیابی اور ثابت قدمی اسلامی تعلیمات کی بحالی اور فروغ کیلئے سب کچھ قربان کر دینے کے جذبے میں مضمر ہے۔

کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے حضرت امام حسین کی تعلیمات کو زندہ رکھا ہوا ہے اور کربلا کی طرح انہوں نے بھی کشمیر کو حق و باطل کے درمیان جنگ کی ایک مثال بنا دیا ہے۔

وزیراعظم نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے دوران کورونا وائرس کی وباء سے بچائو کے قواعد و ضوابط اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں۔

Share this story

Leave a Reply