سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے بعد فسادات پھوٹ پڑے

Share this story

پاک جرگہ (ویب ڈیسک) سویڈن کے شہر مالمو میں مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن پاک کی بے حرمتی کے بعد فسادات پھوٹ پڑے۔ مشتعل افراد نے کئی گاڑیوں کو آگ لگادی، تین افراد کو مذہبی منافرت پھیلانے پر گرفتار کرلیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سویڈش پولیس نے ہفتے کو بتایا کہ جنوبی شہر مالمو میں دائیں بازو کے کارکنوں نے قرآن پاک کے ایک نسخے کو نذر آتش کر دیا تھا جس کے بعد شہر بھر میں فسادات پھیل گئے۔

واقعے کے بعد جمعہ کی شب مشتعل افراد نے پولیس اور دیگر سروسز کی گاڑیوں کو آگ لگادی اور پولیس پر مختلف اشیاء سے حملے کئے، جس سے متعدد افسران زخمی ہوگئے جبکہ 15 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پرتشدد مظاہرہ جمعہ کی دوپہر اس وقت شروع ہوا جب انتہائی دائیں بازو کی تنظیم کے کارکنوں نے قرآن پاک کے ایک نسخے کو جلادیا، اس عمل کو فلمایا اور پھر آن لائن پوسٹ کردیا۔

پولیس نے بعدازاں 3 افراد کو مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بیحرمتی کرنے اور ایک نسلی گروہ کیخلاف نفرت پیدا کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

پولیس ترجمان نے کہا کہ مظاہروں پر ابھی تک قابو نہیں پایا جاسکا تاہم پولیس کنٹرول سنبھالنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ مظاہرے اسی جگہ شدت اختیار کرگئے ہیں جہاں قرآن پاک کو نذرآتش کیا گیا تھا۔

مقامی اخبار کے مطابق اسلام مخالف مظاہرے ڈنمارک کی دائیں بازو کی سخت گیر سیاسی جماعت کے رہنماء راسمس پلوڈن کو سویڈش بارڈر پر روکے جانے کے بعد شروع ہوئے، پلوڈن کو ایک اجلاس میں شرکت کرنا تھی تاہم حکومت نے انہیں اجازت نہیں دی۔

Share this story

Leave a Reply