صدر ٹرمپ کا انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے پھر انکار، حامیوں کے واشنگٹن میں مظاہرے

Share this story

اتوار کو اپنی ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ ابھی ہمیں طویل سفر طے کرنا ہے۔ یہ دھاندلی زدہ الیکشن تھے۔ 

بائیڈن صرف ‘فیک نیوز میڈیا’ کی نظر میں جیتے ہیں: صدر ٹرمپ
 
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر صدارتی انتخابات کے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بائیڈن صرف فیک نیوز میڈیا کی نظر میں جیتے ہیں۔

اتوار کو اپنی ٹوئٹ میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ ابھی ہمیں طویل سفر طے کرنا ہے۔ یہ دھاندلی زدہ الیکشن تھے۔

ٹوئٹر کی جانب سے ایک بار پھر صدر ٹرمپ کی اس ٹوئٹ پر بھی انتباہی نوٹس لگا دیا گیا۔

خیال رہے کہ امریکہ میں تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ڈیمو کریٹک اُمیدوار جو بائیڈن 270 سے زائد الیکٹورل ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔ تاہم صدر ٹرمپ اور اُن کے حامیوں کا اصرار ہے کہ ان انتخابات میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئیں۔

صدر کی انتخابی مہم نے انتخابات کے نتائج کو عدالتوں میں چیلنج کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔

واشنگٹن ڈی سی میں صدر ٹرمپ کے حامیوں کا احتجاج

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے صدارتی انتخابات میں صدر کی جانب سے عائد کیے گئے دھاندلی کے الزامات کے حق میں احتجاج کیا ہے۔

ہفتے کو صدر کی حامی لگ بھگ ایک درجن تنظیموں اور گروپس نے دارالحکومت میں احتجاج کی کال دی تھی جس میں شرکت کے لیے صدر کے حامی ملک کے مختلف علاقوں سے دارالحکومت پہنچے۔

یہ واضح نہیں کہ احتجاج میں کتنے افراد نے شرکت کی۔ واشنگٹن ڈی سی کی پولیس اور انتظامیہ نے بھی مظاہرین کی تعداد سے متعلق کوئی اعداد و شمار جاری نہیں کیے ہیں۔

ہفتے کو واشنگٹن ڈی سی میں احتجاج سے لگ بھگ دو گھنٹے قبل صدر ٹرمپ اپنے قافلے کے ہمراہ دارالحکومت کی مرکزی شاہراہ پینسلوینیا ایونیو سے گزرے اور وہاں موجود مظاہرین کو دیکھ کر مسکرائے اور انہیں ہاتھ ہلایا۔

بعد ازاں صدر کا قافلہ واشنگٹن ڈی سی کے نواح میں موجود ان کے ذاتی گالف کلب روانہ ہو گیا جہاں انہوں نے اطلاعات کے مطابق گالف کھیلی۔

امریکی نشریاتی ادارے ‘فوکس نیوز’ کے مطابق گالف کلب سے وائٹ ہاؤس واپسی پر صدر ٹرمپ ایک بار پھر اپنے حامیوں کے درمیان سے گزرے جنہوں نے صدر کو دیکھ کر ان کے حق میں نعرے بازی کی۔

This article originally appeared on VOA Urdu

Share this story

Leave a Reply