قومی اسمبلی میں خاتم النبینﷺ کےحوالےسےمتفقہ قراردادمنظور

Share this story

پاک جرگہ (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں آج ایک قر ار داد کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی جس میں حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ تمام سرکاری اور غیر سرکاری دستاویزات میں پیغمبر پاک حضر ت محمدﷺ کا نام حضرت محمد رسول اللہ خاتم النبینﷺ لکھا جائے۔

 یہ قرار داد پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان کی طرف سے پیش کی گئی۔

 ایک اور قرار داد میں ایوان نے سفارش کی کہ 11 اگست 1947 کو اقلیتوں سے متعلق بانی پاکستان قائد اعظم کے آئینی اسمبلی سے خطاب کو بھی نصاب کا حصہ بنایا جائے۔

قومی اسمبلی نےا نسداد دہشت گردی ترمیمی بل دوہزار بیس بھی منظور کرلیا۔

 بل وزیر قانون فروغ نسیم نے پیش کیا۔

 اس سے پہلے ایوان میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ یہ ایک تاریخی دن ہے کہ ملک کے وسیع مفاد میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلقہ قانون سازی اتفاق رائے سے کی جارہی ہے۔

 فروغ نسیم نے کہا کہ معیشت کی شفافیت اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کو روکنا ملک کو ترقی کی راہ پر آگے لے جانے کےلئے اہم ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ قانون سازی کو سادہ اور لوگوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

ایوان نے لمیٹڈ Liability پارٹنر شپ ترمیمی بل ، کمپنیز ترمیمی بل دوہزار بیس، منشیات سے متعلقہ اشیا کی روک تھام کا ترمیمی بل دوہزار بیس اور اسلام آباد کیپٹل ٹیرٹری ٹرسٹ بل دوہزار بیس بھی منظور کرلئے۔

وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک میں اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے مزید جامعات قائم کی جارہی ہیں۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری توجہ اعلی تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے پر بھی مرکوز ہے۔

بحری امور کے وزیر علی زیدی نے ایک توجہ دلاو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ ماہی گیروں کی استعداد کار میں اضافے کیلئے انہیں کامیاب جوان پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماہی گیر اس صنعت کی بہتری کیلئے حال ہی میں اعلان کردہ جہاز رانی پالیسی میں دی گئی مراعات سے بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ماہی پروری کے شعبے کی برآمدی صلاحیت کو فروغ دینے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

مواصلات کے وزیر مراد سعید نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا مغربی روٹ جلد حقیقت بن جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال سڑکوں کے بہت سے بڑے منصوبے شروع کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ حیدر آباد سکھر موٹروے اورکراچی چمن کوئٹہ شاہراہ پر تعمیراتی کام رواں سال شروع کیا جائیگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہراہوں کے قومی ادارے کی آمدن میں 25 ارب روپے سے 50 ارب روپے تک اضافہ ہوا ہے۔

ایوان کااجلاس اب غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی  کردیا گیا۔

Share this story

Leave a Reply