قومی اقتصادی کونسل کی آئندہ مالی سال کیلئے مجموعی ملکی پیداوار اور دیگر ترقیاتی اہداف کی منظوری

Share this story

قومی اقتصادی کونسل نے مالی سال 2020-21ء کیلئے زراعت ، صنعت اورخدمات میں شرح نمو کے ساتھ ساتھ مجموعی ملکی پیداوارکے اہداف کی منظوری دے دی ہے ۔

قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں بدھ کے روز اسلام آباد میں ہوا۔

وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دینے اوران پر عملدرآمد کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی اور بھرپور تعاون یقینی بنانے کی ضرورت پر زوردیا ۔

عمران خان نے کہاکہ حکومت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے والے شعبوں ، زرعی شعبے اور ملک میں صحت عامہ کے نظام کو بہتر بنانے کو ترجیح دی رہی ہے۔

انہوں نے جاری منصوبوں پرہونے والی پیش رفت کاجائزہ لینے کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زوردیا ۔

انہوں نے بروقت معلومات کی فراہمی اورمنصوبوں پرعملدرآمد کی صورتحال پر رائے عامہ کے ذریعے عوامی شرکت کویقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زوردیا ۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پبلک سنٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبوں پر پیش رفت کے جائزے کیلئے قومی اقتصادی کونسل کا ششماہی اجلاس یقینی بنایا جائے ۔

اجلاس میں موجودہ مالی سال کے دوران معاشی حالت اور آنے والے سال کے منظر نامے کا بھی جائزہ لیاگیا ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پہلی مرتبہ سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام میں صرف ان منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے جن کی منظوری متعلقہ فورم پہلے ہی دے چکے ہیں اور ان میں بہترین منصوبہ بندی کو یقینی بنایا گیا ہے۔اس سے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنانے اور انہیں موثر طور پر بروئے کار لانے میں مدد ملے گی جس سے اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔

مالی سال 2019-20 کے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے مختلف اقدامات کی بدولت اہم ترقیاتی سکیموں پر بروقت عملدرآمد کے ذریعے ترقیاتی عمل میں تیزی لانے میں مدد ملی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مہینے کی تیس تاریخ تک آٹھ سو ستائیس ارب روپے کی لاگت سے ایک سو انچاس منصوبے مکمل کئے جانے کی توقع ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے مالی سال 2020-21ء کے منصوبوں میں بلوچستان، خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے علاقوں، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر سمیت ملک کے کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے۔
قومی اقتصادی کونسل نے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام کے 2020-21ء کے قومی ترقیاتی بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔
 

Share this story

Leave a Reply