قوم نے 74 واں یوم آزادی روائتی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا

Share this story

قوم نے جمعہ کو یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا کہ ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے تحریک پاکستان جیسے جذبے سے کام کیا جائے گا ۔

دن کا آغا ز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔

پاکستان کی سلامتی و ترقی اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے دعائیں کی گئیں ۔ تمام اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے رہے ہیں۔

سرکاری و نجی عمارتوں سمیت گلیوں ،بازاروں اور مارکیٹوں کو برقی قمقموں سے روشن کیا گیا ہے۔

  کراچی

 کراچی میں مزار قائد اعظم محمد علی جناح پرگارڈز کی تبدیلی کی مرکزی تقریب ہوئی۔

پاک بحریہ کے 64 کیڈٹس پر مشتمل چاق و چوبند دستے نے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

صوبائی دارالحکومت میں دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سےہوا جبکہ مساجد میں ملک کی ترقی اور خوشحالی کے کےلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

لاہور

یوم آزادی کے سلسلے میں آج حضوری باغ لاہور میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جہاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پرچم کشائی کی۔

 صوبائی دارالحکومت میں دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا جس کےبعد مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب  ہوئی۔

پاک فوج کے ایک چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی۔

 انہو ں نے پھولوں کی چادر چڑھائی ، فاتحہ پڑھی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں آج صبح پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ہوئی جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پرچم کشائی کی۔

 صوبائی حکومت میں دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کےلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

گورنر ہاوس کوئٹہ، بلوچستان ہائی کورٹ اور ریڈیو پاکستان کوئٹہ اسٹیشن میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں۔

آزاد جموں و کشمیر

آزاد جموں و کشمیر میں یوم آزادی کی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ایوان صدر مظفرآباد میں ہوئی۔

 صدر آزاد جموںوکشمیر سردار مسعود خان نے پرچم کشائی کی، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر، کابینہ اور قانون ساز اسمبلی کے ارکان، شہر کے عمائدین ،اعلیٰ سول عہدیدار اور فوجی افسران نے تقریب میں شرکت کی۔

گلگت بلتستان 

گلگت بلتستان میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب تاریخی چنار باغ گلگت میں ہوئی۔

 نگران وزیراعلیٰ میرافضل خان نے پرچم کشائی کی اور یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں 74 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں مرکزی تقریب آج پولیس لائنز پشاور میں ہوئی۔

 وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تقریب میں پرچم کشائی کی۔

Share this story

Leave a Reply