وزیراعظم اور مالدیپ کے صدر کا کورونا وائرس سے درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال

Share this story

اسلام آباد (پاک جرگہ): وزیراعظم عمران خان نے مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح کے ساتھ ٹیلیفون رابطے کے دوران کہا ہے کہ جنوبی ایشیائی ملکوں کی ترقی کیلئے خطے میں امن و استحکام ضروری ہے۔ پاکستان مالدیپ کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے کورونا وباء سے درپیش چیلنجوں کے بارے میں تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے مالدیپ کی طرف سے کورونا وباء کے پھیلاؤ اور سیاحت کے شعبے سمیت معیشت کی بحالی کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ 

وزیر اعظم  نے مالدیپ کے صدر کو پاکستان کی تازہ ترین صورتحال اور حکومت کی طرف سے کوویڈ ۔19 پر قابو پانے کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا، جس میں زندگیوں کی حفاظت، معاش کا حصول اور معیشت کو متحرک کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ’سمارٹ لاک ڈاؤن‘ حکمت عملی نے کامیابی کے ساتھ کام کیا ہے اور معیشت کے بڑے شعبوں کو آہستہ آہستہ کھولنا شروع کیا جارہا ہے۔ 

وزیر اعظم نے ترقی پذیر ممالک کو کورونا وباء کے شدید سماجی و معاشی اثرات کو کم کرنے کے لئے ان کو “قرض سے متعلق عالمی اقدام” کے بارے میں بھی صدر کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی پذیر ممالک محدود مالی وسائل اور صحت کے شعبے کے بنیادی ڈھانچے میں رکاوٹوں کی وجہ سے کمزور ہیں اور اس لئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔ 

وزیر اعظم نے جنوبی ایشیاء میں قیام امن اور سلامتی کی صورتحال کے بارے میں پاکستان کے نقطہ نظر کو واضح کیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ خطے کو امن اور تعاون کی ضرورت ہے تاکہ جنوبی ایشیائی ممالک کو ان کی حقیقی معاشی صلاحیت کا اندازہ ہو سکے۔ 

وزیر اعظم نے نہ صرف دو طرفہ بلکہ پورے خطے کے لیے مفید تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے مالدیپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔ 

وزیر اعظم نے صدر ابراہیم صالح کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی  اور کہا کہ وہ مستقبل قریب میں ان کا استقبال کرنے کے خواہش مند ہیں۔ پاکستان سارک کے رکن ملک مالدیپ کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور وہ ان کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مالدیپ کے وزیر خارجہ عبد اللہ شاہد نے پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری دعائیں سیلاب سے متاثرین کیساتھ ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے لوگوں کے گھروں کو نقصان پہنچا۔

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عبد اللہ شاہد کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کی فکر مندی اور دعاؤں کا شکریہ۔

Share this story

Leave a Reply