وزیراعظم عمران خان نے پشاور، بی آر ٹی میگا پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا

Share this story

پشاور (ویب ڈیسک): پشاور کے شہریوں کیلئے اچھی خبر سامنے آگئی، حکومت پاکستان کا پشاور میں جدید ترین سفری سہولیات کا میگا پروجیکٹ مکمل ہوگیا، وزیر اعظم نے پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔ میگا پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب چمکنی ڈبو میں منعقد کی گئی۔

عمران خان نے آج (جمعرات) پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ بی آرٹی ہائبرڈ بسوں سے آلودگی کم ہوگی اور شہر میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

میگا پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے بی آر ٹی منصوبے پر تحفظات تھے لیکن آج کہنا چاہتا ہوں کہ پرویز خٹک آپ ٹھیک تھے، ہم غلط تھے، وزیر اعظم نے کہا کہ میں پرویز خٹک اور خیبر پختونخوا حکومت کو یہ بہترین منصوبہ مکمل ہونے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ بی آر ٹی منصوبہ میٹرو منصوبوں میں تھرڈ جنریشن پروگرام ہے۔ اس منصوبے کی 28 کلومیٹر مین آرٹری ہے جبکہ 60 کلومیٹر فیڈر روٹس ہیں۔ اس سے پشاور میں ٹریفک بہاؤ میں بہتری آئے گی اور عوام کو بہترین سفری سہولیات ملیں گی۔

واضح رہے کہ بی آر ٹی کا ٹریک 28.5 کلو میٹر ہے، بی آر ٹی کا فی سٹاپ کرایہ 10 روپے جبکہ مکمل سفر 50 روپے میں ہوگا۔ ایک سٹیشن سے دوسرے اسٹیشن کا فاصلہ 850 میٹر ہے۔ حکومت کی جانب سے بی آر ٹی بس میں سفر کیلئے شہریوں میں صرف 3 دنوں میں 80 ہزار کارڈ مفت تقسیم کئے جاچکے ہیں۔

بی آر ٹی منصوبے پر کام کا آغاز اکتوبر سال 2017 میں ہوا تھا جس کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم 6 ماہ گرزنے کے بعد کام مکمل نہیں کیا جاسکا اور اگلی تاریخ دی گئی جس کے بعد تاریخوں کی تبدیلی کا سلسلہ جاری رہا۔تاہم رواں سال آخری بار صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے منصوبہ جون 2020 میں مکمل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ بی آر ٹی منصوبے کا روٹ مکمل کر لیا گیا ہے تاہم کوریڈور سے متصل کمرشل پلازے اور دیگر عمارات کورونا وائرس کے باعث مکمل نہیں کی جاسکیں، جنہیں عنقریب مکمل کرنے کا عندیہ بھی دے دیا گیا ہے۔ مختلف سیاسی رہنماؤں نے منصوبہ مکمل ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

Share this story

Leave a Reply