وزیراعظم کا محرم کے دوران قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرنے پر زور

Share this story

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے محرم کے دوران ماسک کے استعمال سمیت قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرنے پر زور دیا ہے۔

انہوں نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں کورونا کے بارے میں قومی رابطہ کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ موثر رابطوں اور جامع حکمت عملی نے کورونا کے خلاف کامیابی کے حصول میں مدد دی۔

تاہم انہوں نے کہا کہ خطرہ ابھی بھی موجود ہے جس کے لئے پوری قوم کے تعاون کی ضرورت ہے۔

انہوں نے محرم کے دوران کورونا کے خلاف جنگ میں علمائے کرام اور مذہبی رہنمائوں کے تعاون کو سراہا اور ان کے اس جذبے پر ان کاشکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں محرم کے دوران کورونا وائرس پر قابو پانے’ اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے’ مختلف شعبوں خصوصاً سیاحت اور ہوا بازی کے لئے ٹیسٹنگ’ ٹریکنگ اور قرنطینہ کی حکمت عملی پر عملدرآمد اور بڑے پیمانے پر سمارٹ لاک ڈاؤن کے لئے حکمت عملی کے حوالے سے مختلف اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کے موثر اقدامات کی بدولت کورونا کے کیسز میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

وزیراعظم نے اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں’ سکولوں کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ لوگوں سے مشاورت کے بعد تمام انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی تاکہ سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کے لئے آئندہ ماہ کی سات تاریخ کو ہونے والے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔

اجلاس میں ملک میں کورونا کے بعد کی صورتحال بہتر ہونے کے تناظر میں ملکی فضائی سفر کے بارے میں ہیلتھ پروٹوکول کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا’ مشیروں’ معاونین خصوصی ‘ قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے چیئرمین اور دیگر سینئر افسروں نے شرکت کی جبکہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور صوبائی وزرائے اعلیٰ وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

Share this story

Leave a Reply