وزیر اعظم عمران خان کا  ترلائی میں  ماڈل پناہ گاہ کا دورہ,  پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ کھانا کھایا

Share this story

مانیٹرنگ ڈیسک – وزیر اعظم عمران خان  نے  ترلائی میں  ماڈل پناہ گاہ کا دورہ کیا   پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ کھانا کھایا۔  گذشتہ ماہ وزیر اعظم کی اسلام آباد میں قائم پناہ گاہوں  کو ماڈل پناہ گاہ بنانے کی ہدایت کے بعد یہ پہلا شیلٹر ہوم ہے جو ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں  بن گیا ہے۔

سرکاری بیان کے مطابق آئندہ تین ماہ میں وفاقی دارالحکومت کی تمام 5 پناہ گاہوں کو ری ماڈل کیا جائے گا اور بعد میں بتدریج  پورے ملک میں پناہ گاہوں کو ری ماڈلڈ پناہ گاہیں بنایا جائے گا۔

معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی اور وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمن نے وزیر اعظم کو پناہ گاہ  میں انتظامی امور  اور اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے دورہ کے دوران پناہ گاہ میں مختلف سہولیات اور انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا، پناہ گاہ میں مقیم افراد سے بات چیت کی، سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے دریافت کیا اور بعد ازاں پناہ گاہ میں مقیم افراد کے ساتھ کھانا کھایا۔

وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وزیر برائے مواصلات مراد سعید، مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر، معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری، علی نواز اعوان، راجہ خرم نواز  اور دیگر اعلی عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Share this story

Leave a Reply