وزیر اعظم کا افغانستان کی تعمیر نو، افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ

Share this story

وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کی تعمیر نو’ اقتصادی ترقی اور پناہ گزینوں کی باعزت واپسی کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات افغانستان کے حزب اسلامی کے رہنما گلبدین حکمت یار سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کے روزاسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے افغانستان کے معزز مہمان کو خوش آمدید کرتے ہوئے افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے تاریخی بندھن کو اجاگر کیا۔

وزیراعظم نے افغان بھائیوں کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے افغانستان کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے افغان امن عمل کے کامیاب نتائج کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا کیونکہ خطے میں امن و استحکام سے سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا۔

انہوں نے پاکستان کے اس دیرینہ موقف کا اعادہ کیا کہ افغان جنگ کا کوئی فوجی حل نہیں اور افغانوں کی زیرقیادت افغانوں کا امن عمل آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی مذاکرات سے افغان قیادت کو پائیدار امن قائم کرنے کے لئے ایک تاریخی موقع فراہم ہوا ہے۔

وزیراعظم نے افغان امن عمل میں سہولت کے لئے پاکستان کے مثبت کردار کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ افغان فریقین ایک جامع اور وسیع البنیاد سیاسی حل کے حصول کے لئے کام کریں گے۔

وزیراعظم نے افغانستان کے اندر اور باہر رکاوٹیں پیداکرنے والوں کے منفی کردار سے بھی خبردار کیا۔

Share this story

Leave a Reply