وزیر اعظم کا پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ

Share this story

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو فلاحی مملکت بنانے اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

انہوں نے آج سوات میں خیبرپختونخوا کیلئے صحت کارڈ پروگرام کے افتتاح کے بعد ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ‘ پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے وژن کے مطابق ترقی دینے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سوات میں سیاحت کی وجہ سے صوبے میں خوشحالی اور ترقی ہوگی۔

وزیراعظم نے عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے پر خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ یہ پہلا صوبہ ہے جس میں صوبے بھر کی آبادی کو صحت کارڈ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے ملک کے غریب عوام کو رہائش کی ارزاں سہولت کی فراہمی کے لئے نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام شروع کیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ تعلیمی نظام میں بھی اصلاحات کی جارہی ہیں اور پورے پاکستان میں یکساں نصاب رائج کیا جارہا ہے۔

انہوں نے حزب اختلاف کی حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے کہاکہ ریاست کے خلاف بیانیہ ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ حزب اختلاف کے بیانیے سے صرف بھارت میں مودی کی انتہا پسند حکومت کو فائدہ ہو رہا ہے۔

اس سے پہلے وزیراعظم نے سوات کی گبین جبہ وادی کا دورہ بھی کیا اور علاقے میں سیاحت کے امکانات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کی حکومت کی جانب سے مالاکنڈ ڈویژن میں سیاحت کے فروغ کیلئے کیے گئے اقدامات پر اطمینان ظاہر کیا۔

اس موقع پر خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ صوبے کے تریسٹھ لاکھ سے زائد خاندانوں کو آئندہ سال جنوری تک چار مرحلوں میں صحت انصاف کارڈ مہیا کیے جائیں گے۔

Share this story

Leave a Reply