پاکستان نے کورونا وائرس کی وبا پر مختصر عرصے میں بڑی حد تک قابو پالیا ہے، وزیراعظم

Share this story

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان چند ملکوں میں شامل ہے جنہوں نے بہت کم عرصے میں کروناوائرس کی وبا پر قابو پالیا ہے۔

انہوں نے پیر کی سہ پہر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز کرونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد گزشتہ تین ما ہ میں سب سے کم تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل کمی کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت پہلی حکومت ہے جس نے سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پر عمل کیا اور یہ کامیاب ثابت ہوئی انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک نے بھی اسی پالیسی کواپنایا۔

عمران خان نے کہا کہ جن ممالک نے مکمل لاک ڈاؤن کیا وہ اس کا نتیجہ آج غربت کی شر ح میں اضافے کی صورت میں بھگت رہے ہیں جس کی سب سے بڑی مثال بھارت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کے دوران احساس پروگرام کے تحت ضرورت مند افراد میں نقد امداد کی تقسیم حکومت کی ایک اورکامیابی ہے۔

وزیراعظم نے خبردار کیا کہ اگر عید الاضحی اور محرم الحرام کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا گیا تو کروناوائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید اور محرم کے بعد کیسز میں اضافے کی صورت میں حکومت کو پھر لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا جس کے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

عمران خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید اور محرم کے ایام کے دوران کرونا وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کریں۔

Share this story

Leave a Reply