ماں، بیٹی، بہن، بیوی، عورت ہر روپ میں رحمت؛ آج خواتین کا عالمی دن‎

Share this story

خواتین کا عالمی دن آج  منایا جارہا ہے جس کا مقصد صنفی امتیاز کے خلاف آگاہی پیدا کرنا اور مساوات کیلئے اقدامات کرنا ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں سول سوسائٹی کی جانب سے سیمینارز اور کانفرنسز بھی منعقد کی جائیں گی

ماں، بہن، بیٹی، بیوی غرض عورت ہر روپ میں رحمت ہے، وجود زن سے ہے تصویرکائنات میں رنگ؛ پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔

عورت کائنات میں خدا کی ایسی تخلیق جس کے تصور سے نرمی، محبت، خلوص کا تصور ابھرتا ہے، بقول شاعر کائنات کی رنگینی کی وجہ بھی یہی وجود ہے، مردوں کے شانہ بشانہ  چلتی خواتین کو ان کے حقوق، احترام  دینے کے لیے 8 مارچ کو دنیا بھر میں عالمی یوم خواتین منایا جاتا ہے۔

1908ء میں نیویارک میں گارمنٹس فیکٹری میں کام کرنے والی خواتین  ملازمین نے کام کی نوعیت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کی اور اپنے حقوق تسلیم کرائے جس کے اعزاز میں دنیا میں پہلی بار یوم خواتین امریکا میں 28 فروری 1909ء کو منایا گیا۔

اس دن کو منانے کا اہتمام امریکا کی سوشلسٹ پارٹی نے کیا تاہم بعد میں اقوام متحدہ نے  1975ء میں باقاعدہ طور پر 8 مارچ کو عالمی یوم خواتین کے نام سے منسوب کردیا جس کے بعد سے آج تک ہر سال 8 مارچ کو دنیا بھر میں خواتین کے حقوق اجاگر کرنے کے لیے یہ دن منایا جاتا ہے۔

اس سال اس دن کا موضوع ہے۔میں صنفی مساوات کی علمبردار ہوں جسے خواتین کے حقوق کا احساس ہے۔ادھر وزیراعظم عمران خان نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کو ساز گار ماحول اور مساوی مواقع فراہم کرکے ہی پائیدار سماجی واقتصادی ترقی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔وزیراعظم نے ایسے تمام اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا جس سے خواتین کو محفوظ اور خوشحال کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں اور ملکی اور عالمی سطحوں پر اپنے متعلقہ شعبوں میں شاندار کامیابیاں حاصل کررہی ہیں۔

خواتین کے عالمی دن پر گوگل کا خراج تحسین

دوسری جانب خواتین کے عالمی دن پر گوگل نے اپنا ’’ڈوڈل‘‘ تبدیل کر کے خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ گوگل نے ڈوڈل کو ویڈیو کی صورت میں پیش کیا جس میں خواتین کی صلاحیتوں کو زندگی کے ہر شعبے میں اُجاگر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

Share this story

Leave a Reply