مزید دو نوجوان شہید، بھارتی فوج نے 24 گھنٹوں کے دوران 15 کشمیریوں کی جان لے لی

Share this story

سرینگر: (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض اور ظالم بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کے نتیجے میں مزید دو نوجوانوں کو شہید کر دیا، صرف دو روز کے دوران 15 کشمیری شہید ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق عالمی دنیا کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے تگ و دو کر رہی ہے تو وہیں پر قابض اور ظالم بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں لاک ڈاون جاری ہے جس کی وجہ سے کشمیریوں کا جینا دوبھر ہو چکا ہے، علاقے میں کھانے پینے کی اشیا کی شدید قلت ہے جبکہ باہمی رابطے کیلئے انٹرنیٹ کا استعمال بھی ممنوع ہے۔ اس ذہنی اذیت والے ماحول میں جب کشمیری بے جا پابندیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہیں تو بھارتی فوج ان پر گولیاں برسانے سے بھی دریغ نہیں کرتی۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں مزید 2 کشمیری شہید ہوگئے، دونوں نوجوانوں کو ضلع پلوامہ میں سرچ آپریشن کے دوران گولیاں مارکر شہید کیا گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق نوجوانوں کو ضلع پلوامہ کے علاقے سائمو میں شہید کیا، سرچ آپریشن کے دوران ظالم بھارتی فوج نے علاقے میں انٹرنیٹ سروس کو بھی معطل کردیا۔

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ظلم کی انتہا کر دی، نوجوان کشمیریوں کی نسل کشی کرنے لگ گئی، صرف ایک روز کے دوران 13 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران 13 کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا تھا۔ قابض اور ظالم بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی کے علاقے میندر میں اور ضلع پونچھ کے مختلف گاؤں میں دس نوجوانوں کو شہید کیا۔ قابض بھارتی فوج نے ان علاقوں میں 28 مئی سے آپریشن شروع کیا ہوا ہے

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج نے ضلع راجوڑی میں سرچ آپریشن کی آڑ میں مزید 3 کشمیریوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔ ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیریوں نے احتجاج کرتے ہوئے بھارتی فوجیوں پر شدید پتھراو کیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق مئی کے مہینے میں دوبچوں سمیت 21 کشمیریوں کو شہید کیا گیا جبکہ 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

دوسری طرف پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز ایک ہی روز کے دوران 13 کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ قابض بھارتی فورسز نے ایک روز میں 13 معصوم کشمیریوں کو قتل کیا، نام نہادانسداد دراندازی آپریشن کے نام پرکشمیریوں کاجعلی مقابلوں میں قتل کیاجا رہا ہے، عالمی برادری کورونا سے نبردآزما ہے تو بھارت کشمیر میں مظالم بڑھا رہا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ایک ہی دن میں 13 کشمیریوں قتل بھارت انسانیت سوز مظالم و جرائم کا مظہر ہے، بھارتی حکام اپنے جرائم چھپانے کیلئے کشمیری مزاحمت کاروں کی تربیت، دراندازی کےالزام لگا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آرایس ایس اوربی جے پی اپنے اقدامات کی وجہ سے دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی، بھارت جان لے کہ اسکے مظالم کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے، پاکستان مخالف پراپیگنڈہ بھارتی ریاستی دہشتگردی سے عالمی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ 

Share this story

Leave a Reply