پاکستان میں کورونا وائرس کے دو متاثرین کی تصدیق‎

Share this story

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کنفرم کیس کراچی میں سامنے آیا ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے حکام نے اس کیس کی تصدیق کر دی ہے۔ ادھر وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے دو کیسز سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے ترجمان کے مطابق، کراچی کے بائیس سالہ رہائشی میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد اسے اور اس کے خاندان کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، جہاں فی الحال اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ نوجوان کو وائرس ایران جانے کے بعد ہوا ہے۔

حکام اس بات کی بھی تصدیق میں مصروف ہیں کہ 22 سالہ یحیٰی جعفری کے ساتھ مزید کتنے لوگوں نے ایران کا سفر کیا تھا۔ ان افراد کا ڈیٹا حاصل کرکے ان کے بھی ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔

اب تک سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق، یحییٰ جعفری نے اپنے دو دوستوں کے ہمراہ 6 سے 9 فروری کو تہران گئے تھے جس کے بعد وہ مشہد اور پھر وہ 20 فروری کو واپس کراچی پہنچے تھے۔ مریض کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ اس سے قبل چین کے بھی متعدد دورے کر چکا ہے۔

ادھر دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ظفر مرزا نے بھی تصدیق کی ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے دو کنفرم کیسز سامنے آئے ہیں اور کلینکل معیارات کے عین مطابق ان کا خیال رکھا جا رہا ہے، جبکہ مشیر صحت کے مطابق دونوں مریض فی الحال بہتر ہیں۔

ان کا دعویٰ ہے کہ اس وقت صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور اس بارے میں گھبراہٹ کی کوئی ضرورت نہیں۔ جبکہ وہ خود پاک ایران سرحدی علاقے تافتان میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کو اس سے آگاہ کریں گے۔

220/ I can confirm first two cases of corona virus in Pakistan. Both cases are being taken care of according to clinical standard protocols & both of them are stable. No need to panic, things are under control. I will hold press conf tomorrow on return from Taftan.

واضح رہے کہ کورونا وائرس سامنے آنے کے بعد پاکستان نے چین کے علاوہ پڑوسی ملک ایران سے بھی اپنی سرحد بند کر رکھی ہے۔ ایرانی حکام نے کورونا وائرس سے اب تک 15 افراد ہلاک جبکہ 100 کے قریب افراد متاثر ہوئے ہیں۔ تاہم، یہ بات بھی اہم ہے کہ پاکستان کے چاروں ہمسایہ ممالک بشمول افغانستان اور بھارت میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تصدیق ہو چکی ہے۔

This article originally appeared on VOA

Share this story

Leave a Reply