اقوام متحدہ کو بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت فراہم کرکے عالمی سطح پر اس کا حقیقی چہرہ بے نقاب کر دیا، وزیر خارجہ

Share this story

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا ڈوزیئر اقوام متحدہ کو پیش کرکے اسکا اصلی چہرہ عالمی سطح پر بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات اتوار کے روز ملتان میں تحریک انصاف کی خواتین ونگ کے نئے عہدیدارورں کی تقریب حلف برداری سے پہلے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مسئلہ کشمیر پر دفاعی رویہ اختیار کر رکھا ہے اور عالمی سطح پر بھی اس کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جو پاکستانی موقف کی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو اس کے جاسوس کلبھوشن یادو تک دوبارہ قونصلر رسائی دی ہے اور تیسری مرتبہ بھی دینے کیلئے تیار ہے لیکن بھارت اپنے شہری کو نظر انداز کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے حق میں ہے اور افغانستان میں پائیدار امن کیلئے اس کے کردار کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کا عمل مکمل ہو رہا ہے جس سے نہ صرف غیر قانونی آمدورفت پر قابو پایا جائے گا بلکہ دہشت گردی میں بھی کمی آئے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ لگنے والی سرحد پر بھی باڑ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرحدی باڑ کی تعمیر رواں سال کے اختتام سے پہلے مکمل کی جائے گی۔

Share this story