بھارت پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کی منصوبہ بندی کررہا ہے، وزیرخارجہ

Share this story

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے داخلی امور سے توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

جمعہ کی شام ابوظہبی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت اس حوالے سے اپنے اہم اتحادیوں کی منظوری کی کوششیں کر رہا ہے۔

اسے ایک سنگین امر قرار دیتے ہوئے انہوں نے بھارت میں بڑھتے ہوئے داخلی مسائل کی طرف توجہ مبذول کروائی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں صورتحال کشیدہ اور تشویشناک ہوتی جا رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی پالیسیوں کے خلاف بھارت بھر میں کسانوں کے احتجاج نے شدت اختیار کر لی ہے کیونکہ حزب اختلاف کی جماعتوں، وکلا، سول سوسائٹی اور کاروباری حلقوں نے بھی کسانوں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک بڑھتا جا رہا ہے اور عوام کورونا وباء کی صورتحال سے نمٹنے والے بھارتی اقدامات سے ناخوش ہیں جس کی وجہ سے بھارتی معیشت متاثر ہو رہی ہے۔

وزیر خارجہ نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے اہم ممالک کو اس بات سے آگاہ کر دیا ہے جو اب بھارتی عزائم اور پاکستان کے موقف سے بخوبی واقف ہیں۔

وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی مہم جوئی سے افغان امن عمل کو شدید نقصان پہنچے گا اور علاقائی امن و استحکام پر تباہ کن اثرات مرتب ہونگے۔

Share this story