حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں‌ میں‌ اضافے کا اعلان

Share this story

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بڑی عید پر عوام کو بڑا تحفہ دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 103 روپے 97 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لٹر کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 106 روپے 46 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 97پیسے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 65 روپے 29 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔

لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6روپے 62پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 62 روپے 28 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے کے بعد ہو گا۔ 

اس سے قبل اوگرا نے اگست کے لئے ایل پی جی کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ایل پی جی ایسوسی ایشن کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے اور ماہ اگست کے لئے ایل پی جی کی نئی قیمت کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 1 روپیہ 50 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ گھریلو سیلنڈر 18 روپے اور کمرشل سیلنڈر کی قیمت میں 70 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

Share this story

Leave a Reply