روس نے اپنی کورونا ویکسین پاکستان کو فراہم کرنے کی پیشکش کردی

Share this story

روس نے اپنی کورونا ویکسین’ اسپتنک فائیو‘ پاکستان کو فراہم کرنے کی پیشکش کردی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے روس کی پیشکش کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان کوویڈ 19 ویکسین کے بروقت حصول کےلیے متعدد ذرائع سے رابطے میں ہے۔

دفترخارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اس وقت کورونا کی ویکسین کے حصول کے لیے مختلف ذرائع سے  رابطے میں ہے۔ ان کے مطابق حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ کورونا کی سب سے موثر ویکسین کم قیمت پر جلد از جلد حاصل کی جائے۔

ترجمان کے مطابق وزارت صحت اس حوالے سے قواعد، نتائج اور ٹیسٹ کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لے رہی ہے۔

 خیال رہے روس نے گزشتہ روز دارالحکومت ماسکو میں لوگوں کو بڑے پیمانے پراسپتنک فائیو ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ماسکو میں کورونا وائرس ٹاسک فورس کا کہنا تھا کہ ویکسین شہر میں موجود 70 کلینکس میں لگائی جا رہی ہے۔

ٹاسک فورس کا کہنا تھا کہ یہ ویکسین سب سے پہلے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے اراکین، اساتذہ اور سماجی کارکنوں کو لگائی جائے گی۔

خیال رہے کہ روس میں تیار کی گئی کورونا ویکسین اسپتنک فائیو  کی اگست میں منظوری دی گئی تھی اور حکام نے گذشتہ دنوں دعویٰ کیا تھا کہ ان کی ویکسین کے نتائج 95 فیصد تک مثبت ہیں۔

Share this story