قوم دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملادے گی، شاہ محمودقریشی

Share this story

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پڑوسی ملک پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنا چاہتا ہے، دہشت گردی کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں، پاکستانی قوم دہشت گردوں کے عزام خاک میں ملا دے گی۔

کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع پاکستان اسٹاک ايکسچينج پر آج (پیر کی صبح) دہشت گردوں نے حملہ کردیا، جسے فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بری طرح ناکام بناديا، سیکيورٹی اداروں کی کارروائی میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر حملے سے متعلق سماء سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ مشرقی پڑوسی پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکيلنا چاہتا ہے، حملے کی مذمت کرتا ہوں، ايسے عناصر پاکستان کا امن خراب کرنا چاہتے ہيں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم دشمنوں کے عزائم خاک ميں ملا دے گی، دشمن بے نقاب ہوتے جارہے ہيں، ہم دہشت گردی کا مقابلہ کرنا جانتے ہيں۔

وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر بھارتی بيانيہ کمزور، پاکستان کا مؤقف مضبوط ہوتا جارہا ہے، ہم عملی اقدامات کے ذريعے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ ميں آئيں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی عمارت پر دہشت گرد حملے کے تانے بانے بھارت کے فعال سلیپر سیلز کی جانب جاتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گرد حملے کے بعد خبردار کیا تھا کہ بھارت پاکستان میں اپنے سلیپر سیلز فعال کرسکتا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی ایسی کوشش سے نمٹنے کیلئے چوکس تھے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں امن برداشت نہیں کرسکتا، ایسے وقت جب ہم کرتا پور راہداری کھولنے جارہے ہیں بھارت اسی وقت پاکستان میں امن وامان کی صورتحال میں خلل ڈالنے کی کوششیں کررہا ہے۔

وزیر خارجہ نے پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بھرپور جوابی کارروائی کو سراہا، اور کہا کہ دنیا خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کررہی ہے جبکہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں اپنی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کیخلاف مظالم بے نقاب ہوگئے ہیں۔

Share this story

Leave a Reply