‘لوگوں کو غربت سے نکالنا میری حکومت کی ترجیح ہے’

Share this story

وزیراعظم عمران خان نےشکوہ کیاہے کہ ترقی پزیر ممالک سے ہر سال ایک کھرب روپے امیر ممالک میں منتقل کئے جاتے ہیں لیکن اس پر اسلئے آواز نہیں اٹھتی امیر ممالک کو اس سے فائدہ ہوتا ہے۔غریب ممالک کا یہ پیسہ کرنسی کے وقعت کھونے اور مہنگائی میں اضافہ کا باعث بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ امیر ممالک نے دولت کی اس غیر قانونی منتقلی کو روکنے کیلئے کوئی طریقہ کار وضع نہیں کیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اس عمل سے نہ صرف لوگوں کا معیار زندگی متاثر ہو رہا ہے بلکہ اس سے کرنسی کی قدر بھی کم ہو رہی ہے جس سے دنیا میں غربت مزید بڑھ جاتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مہذب معاشر ے کا مطلب یہ ہے کہ وہ کس طرح اپنے کمزور طبقے کا خیال رکھتا اور غربت اور عدم مساوات کو کم کرنے کے لئے کام کرتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت تاریخ کی پہلی حکومت ہے جس نے چینی مافیا کے پیچھے جانے کا فیصلہ کیا او ر وہ مافیاز پر نظر رکھنے کے لئے مسابقتی کمیشن کو مضبو ط کرنے کے لئے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ معاشرے کے غریب طبقے کا معیار زندگی بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے غربت میں نمایاں کمی اور انسانی وسائل کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اب کورونا وائرس کی شدید لہر کا سامنا ہے اور وہ معاشرے کے کمزور طبقوں کو مزید تحفظ فراہم کرنے کے لئے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کے لئے بذات خود آئی ایم ایف سے بات کریںگے۔

انہوں نے مختلف وسائل سے دوچار غریب ممالک کو فائدہ پہنچانے کے لئے یو این ڈی پی کے شاندار کام کو بھی سراہا۔

Share this story