وزیراعظم نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا، عمران خان نے 178 ووٹ حاصل کئے

Share this story

اسلام آباد: وزیراعظم نے 178 ووٹ حاصل کر کے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔ عمران خان نے اس سے پہلے وزیراعظم بنتے وقت 176 ووٹ لیے تھے۔ غلام بی بی بھروانہ، عامر لیاقت اور باسط بخاری بھی قومی اسمبلی میں موجود تھے۔

اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، وزیراعظم کے ایوان میں پہنچنے پر حکومتی ارکان نے نعرے بازی کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسملبی میں وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کی قرارداد پیش کی، جس میں کہا گیا کہ ایوان وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔

اسپیکر نے ارکان قومی اسمبلی کو ووٹںگ میں حصہ لینے کا طریقہ بتایا۔ قومی اسمبلی ارکان کے لئے گھنٹیاں بھی بجائی گئیں۔ ووٹنگ کے دوران ایوان کے تمام داخلی دروازے بند کر دیئے گئے۔ وزیراعظم کے حق میں ووٹ دینے والے دائیں جانب لابی میں گئے۔ عمران خان نے بھی اپنا ووٹ درج کروایا۔

حکومتی ارکان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن نشستوں پر نوٹوں کے ہار رکھے۔ مہمانوں کی گیلری میں بڑی تعداد میں اہم شخصیات موجود تھی جن میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ بھی شامل تھے۔

یاد رہے تحریک انصاف حکومت کے 2 اراکین ووٹنگ میں حصہ نہ لے سکے، فیصل واوڈا استعفے کے باعث ووٹ نہیں ڈال سکے جبکہ اسد قیصر اجلاس کی صدارت کرنے کے باعث ووٹ کاسٹ نہیں کر سکے۔

This article originally appeared on Roznama Dunya

Share this story