وزیر اعظم عمران خان نے بلین ٹری ہنی پروگرام کا افتتاح کردیا

Share this story

وزیراعظم عمران خان نے پیر کے روز بلین ٹری ہنی پروگرام کا باضابطہ افتتاح کیا جس کا مقصد دس ارب درخت لگانے کے سونامی پروگرام کے تحت ملک میں شجرکاری کا فروغ اور شہد کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دس ارب درخت لگانے کے سونامی پروگرام سے ماحولیاتی اور فضائی آلودگی کی روک تھام کے علاوہ جنگلات میں اضافے، دریاؤں کی صفائی اور زیرزمین پانی کو آلودگی سے بچانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ نسلوں کو صاف اور سرسبز و شاداب پاکستان دینا میری حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلین ٹری ہنی پروگرام برآمدات میں اضافے اور خصوصاً ان علاقوں کے نوجوانوں کے لئے جہاں یہ جنگلات لگائے جائیں گے روزگار کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں زیتون اور Avocado کے درخت اگانے کی وسیع صلاحیت ہے اور زیتون کی کاشت سے ملکی درآمدات میں کمی آئے گی اور ہم زیتون کا تیل برآمد کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔

اس سے پہلے ‘ موسمیاتی تبدیلی کی وزیر مملکت زرتاج گل نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دس ارب درخت لگانے کے سونامی پروگرام سے ملک میں روزگار کے تقریباً چوراسی ہزار مواقع پیدا ہوئے جبکہ آئندہ دنوں میں اس پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی۔

موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم نے کہا کہ بلین ٹری ہنی پروگرام سے ملک سالانہ ستر ہزار میٹرک ٹن شہد کی پیداوار کے حصول کے قابل ہو جائے گا۔

Share this story