پاکستان نے مذہبی آزادی سے متعلق امریکی اقدام مستر د کردیا

Share this story

اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ امریکہ کی طرف سے پاکستان کو مذہبی آزادی فہرست میں شامل کرنے کو مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نام شامل کرنے کے امریکی اقدام کو مسترد کرتے ہیں ۔ پاکستان کو مذہبی آزادی کے خلاف فہرست میں شامل کرنا حقائق کے خلاف ہے ۔ اس عمل سے شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں ۔ ایسے غلط اندراج سے دنیا بھر میں مذہبی آزادی کے مقصد کو نقصان پہنچانے کا باعث ہے ۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ اس موضوع پر باہمی طور پر کام کرتے رہے ہیں ۔ افسوس کی بات ہے کہ امریکہ کی طرف سے اس حقیقت کو نظر انداز کیا گیا ۔پاکستانی معاشرہ مختلف مذاہب اور مذہبی ہم آہنگی پر مشتمل ہے۔ پاکستان کا آئین ہر قسم کی مذہبی آزادی اور اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔

بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ انتہائی ناروا سلوک روا رکھا جاتا ہے ۔ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ بدترین سلوک نظر انداز کرنے سے امریکی رپورٹ پر سوالات جنم لیتے ہیں ۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف ریاست کی سرپرستی میں تشدد ریکارڈ کا حصہ ہے ۔پاکستان نے اس معاملے پر جائزہ لینے کے حوالے سے امریکہ کو آگاہ کر دیا ہے۔

Share this story