zahid hafeez choudhry foreign office spokesperson

پاکستان کی بھارتی ریاست کی پشت پناہی میں جاسوسی کارروائیوں کو عالمی اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت

Share this story

پاکستان نے بھارتی ریاست کی پشت پناہی میں جاری جاسوسی کی کارروائیوں کو ایک ذمہ دار ریاست کے طرزِ عمل کی عالمی اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے بھارت کی جانب سے صحافیوں، ججوں، سفارتکاروں، حکومتی عہدیداروں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور وزیر اعظم عمران خان سمیت عالمی رہنمائوں کے فون اور کمپیوٹر ہیک کرنے کیلئے اسرائیلی سافٹ ویئر PEGASUS کے استعمال پر صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بین الاقوامی میڈیا کی اُن حالیہ رپورٹوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے جن میں بھارتی حکومت کی جانب سے اپنے ہی شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم عمران خان کی اسرائیلی جاسوسی کے سافٹ ویئر کے ذریعے باضابطہ جاسوسی کی کارروائیوں کو بے نقاب کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مخالفت کی آوازوں پر پوشیدہ کارروائی کرنا راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ اور بھارتیہ جنتا پارٹی سرکار کی ایک دیرینہ چال ہے جس کے تحت وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے مظالم کے مرتکب ہو رہے ہیں اور پاکستان کے خلاف گمراہ کن معلومات کا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال یورپی یونین کی ڈس انفولیب اور بھارتی CHRONICLE کی رپورٹس منظر ِعام پر آنے کے بعد دنیا نے بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان انکشافات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور بھارت کی جانب سے کی گئی ان زیادتیوں پر مناسب عالمی پلیٹ فارم پر توجہ مبذول کرائیں گے۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ ان رپورٹس کی سنگینی کے تناظر میں ہم اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے کی تفصیلی تحقیقات کر کے حقائق کوسامنے لاتے ہوئے بھارت کو کٹہرے میں لائیں۔

Share this story