ڈاکٹر عارف علوی کا دورہ ترکی، پاک بحریہ کی پہلی ملجم کلاس کورویٹ کی تقریب رونمائی میں شرکت

Share this story

 استنبول: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان اور ترکی مشترکہ چیلنجز اور نئے ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کےلئے مختلف شعبوں بالخصوص دفاع میں اپنے تعاون کو مزید مستحکم کر رہے ہیں، منصوبے کی بروقت تکمیل پاکستان اور ترکی کے مابین مضبوط تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے، ملجم بحری جہازوں کے منصوبے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ترک ہم منصب رجب طیب اردوان نے پاک بحریہ کی پہلی ملجم کلاس کورویٹ کی تقریب رونمائی میں شرکت کی ،

پاکستان نیوی کی پہلی ملجم کلاس کورویٹ کی لانچنگ تقریب استنبول نیول شپ یارڈ میں منعقد ہوئی،بیگم ثمینہ عارف علوی نے دعائیہ کلمات کے ساتھ ملجم کلاس بحری جہاز کو سمندر میں اتارا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تنازعہ جموں و کشمیر پر ترکی کی مسلسل حمایت کو سراہا اور قبرص کے مسئلے پر ترکی کی پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہاکہ ترکی اور پاکستان کے بھائی چارے اور دوستی کی گہری جڑیں ہیں،ترک عوام پاکستان کے لیے اپنے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں، کورونا کے باوجود پاکستان اور ترکی کی باہمی تجارت بہتر ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان سمیت علاقائی امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نیازی نے ملجیم منصوبے کی عظیم کامیابی کو سراہا۔

Share this story