Jirga Pakistan

  • This topic is empty.
Viewing 1 post (of 1 total)

  • Author
    Posts
  • #15340
    Zaid
    Moderator

    وزیراطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کے انتخابی اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا عملی مظاہرہ ایک ہفتے میں مکمل کرلیاجائے گا ۔

    انہوں نے وزیراعظم کے زیرصدارت اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد منگل کے روز تیسرے پہر اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے یہ بات بتائی ۔فواد چوہدری نے کہاکہ ابتدائی طورپرہم نے بارکونسلوں اور پریس کلبوں کے انتخابات کیلئے تجرباتی طورپر 500 الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا آرڈردیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی ابتدائی آزمائشیں ہیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تمام 36 شرائط پوری کردی گئی ہیں یہ مشینیں تین کمپنیاں بنارہی ہیں۔فواد چوہدری نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کیلئے عدالت میں پی ایم ایل این کی جانب سے پٹیشن دائر کرنے پرپرزورنکتہ چینی کی اور کہاکہ انھیں ووٹ کا بنیادی حق دیناہماری اولین ترجیح ہے انہوں نے کہاکہ ہمیں اس سلسلے میں پیپلزپارٹی کے جواب کا انتظار ہے تاکہ قانون سازی عمل مکمل کیاجاسکے۔کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے بحری امور کے وزیر علی حیدرزیدی کوہدایت کی کہ وہ ترسیل اورنقل وحمل کے سلسلے میں اصلاحات کو قطعی شکل دیں ۔وزیر قانون فروغ نسیم نے کابینہ کو فوجداری قانون میں اصلاحات کے بارے میں بتایا۔کابینہ کو آگاہ کیاگیاکہ احساس پروگرام سے ایک کروڑ ستر لاکھ افراد مستفید ہورہے ہیں ۔احساس پروگرام کو مزید شفاف بنانے کیلئے اس کا ڈیٹا ڈیجیٹلائز کیاجارہا ہے ۔کابینہ کو یہ بھی بتایاگیا کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن سو ارب روپے سے زیادہ کی فروخت کررہی ہے اور پہلی مرتبہ یہ خسارے سے نکلی ہے ۔کابینہ وبا کے خلاف لڑنے کیلئے تاجکستان کی مدد کیلئے کورونا امدادی پیکج کی منظوری دی ۔کابینہ نے پاکستان قومی ترانے کو جدید انداز میں ریکارڈ کرنے کی بھی منظوری دیدی ۔ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات نے کہا ہم حزب اختلاف سے مذاکرات کرنے کو تیار ہیں تاہم بدعنوان عناصر کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ مبشرحسین کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کا منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کردیاگیا ہے جبکہ طارق ملک کو دوبارہ چیئرمین نادرا تعینات کردیاگیا ہے۔کابینہ نے گھوٹکی ٹرین حادثے میں شہید ہونے والوں اور کینیڈا میں قتل کیئے جانے والے پاکستانی خاندان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔فواد حسین چوہدری نے کہاکہ کہا کینیڈا میں ہونے والا واقعہ وزیراعظم عمران خان کے تحفظات کا ثبوت ہے کہ مغرب میں اسلام کی مخالفت میں اضافہ ہورہا ہے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کابینہ نے مغربی ممالک پرزوردیا کہ وہ اسلام کی مخالفت کے بنیادی سبب کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔پاکستان میں امریکی ائیربیس پر بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات ونشریات نے پاکستان میں امریکہ کے کسی بھی فوجی ائیربیس کی موجودگی کے امکان کو مسترد کردیا اورکہا کہ اس طرح کی تمام سہولیات پاکستان کے اپنے زیراستعمال ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی بھی ملک کو اپنا کوئی فضائی اڈہ نہیں دے سکتا۔

Viewing 1 post (of 1 total)
  • You must be logged in to reply to this topic.

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.