Jirga Politics

  • This topic is empty.
Viewing 1 post (of 1 total)

  • Author
    Posts
  • #18450
    Syed Muhammad
    Moderator

    پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگلے انتخابات میں ملک کے 80 حلقوں کا فیصلہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹوں سے ہو گا۔

    بدھ کو راولپنڈی میں ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین میں تقریب سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں ایسے حلقے بھی موجود ہیں جہاں 50 ہزار تک اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ ہیں۔

    ’پنجاب کے 40 حلقوں کا فیصلہ اوورسیز ووٹرز کے ووٹوں سے ہو گا۔‘

    انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ جب پاکستان تحریک انصاف کو ملیں گے تو اپوزیشن پھر دھاندلی کا رونا روئے گی۔

    شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہر سال آئی ایم ایف سے کئی گنا زیادہ پیسہ بغیر شرائط کے پاکستان بھجواتے ہیں۔

    اپوزیشن کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے استعمال پر تحفظات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی کچھ بھی کہے، قانون بن چکا ہے کہ اگلے انتخابات ای وی ایم کے ذریعے ہی ہوں گے۔

    ’اپوزیشن نے اس پر عدالت جانا ہے یا کچھ اور کرنا ہے، اس کا فیصلہ اسے خود کرنا ہے۔‘

    انہوں نے ایک بار پھر سعودی عرب اور چین کی پاکستان سے دوستی کو ہمالیہ سے بلند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان دونوں کے مشکور ہیں کہ ہر مشکل میں مدد کی۔

    ’چین کو الگ رکھ کر پاکستان کسی بھی بڑے فیصلے پر نہیں جا سکتا۔‘

    مہنگائی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ ان وزرا میں سے نہیں جو حقیقت سے نظریں چرائیں۔

    ’مہنگائی موجود ہے تاہم اس کا حل تلاش کر رہے ہیں۔‘

    اپوزیشن کے احتجاج پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے اور کیا کرنا ہے۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں ایسی نالائق اپوزیشن ملی۔‘

    ان سے شہباز شریف کی ملاقات کے حوالے سے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ وہ بھائی کی تعزیت کے لیے آئے تھے۔

    ’چاہے ہم خوشی میں ایک دوسرے کے ساتھ نہ ہوں، لیکن غمی کے موقع پر ایک دوسرے کا خیال رکھا جاتا ہے۔‘

    شیخ رشید کے مطابق ’جس قوم کی بیٹی پڑھی لکھی ہو اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔‘

Viewing 1 post (of 1 total)
  • You must be logged in to reply to this topic.

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.