• This topic is empty.
Viewing 1 post (of 1 total)

  • Author
    Posts
  • #17153
    Azam
    Moderator

    کینیڈا میں ایک 25 سالہ شخص کو وزیراعظم جسٹن ٹروڈو پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ حملہ آور پر پتھر مارنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کینیڈین پولیس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پر یہ مبینہ حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ ایک انتخابی مہم کے بعد روانہ ہو رہے تھے۔

    ملزم شین مارشل سنیچر کو ٹورنٹو کے جنوب مغرب میں واقع شہر لندن میں عدالت میں پیش ہوئے، جہاں پیر کو یہ واقعہ پیش آیا جب جسٹن ٹروڈو اپنی انتخابی مہم کی بس میں سوار تھے۔

     49 سالہ جسٹن ٹروڈو جو محفوظ رہے، نے تصدیق کی کہ انہوں نے ’پتھر کے کچھ ٹکڑوں کو محسوس کیا‘ اور کہا کہ سیاسی جلسے میں کسی کا کوئی چیز پھینکنا اور لوگوں کو خطرے میں ڈالنا ’بالکل ناقابل قبول‘ ہے۔ ان کے حریفوں نے بھی اس واقعے کی مذمت کی۔

    جسٹن ٹروڈو کو 20 ستمبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل انتخابی مہم کے دوران مجوزہ لازمی کورونا وائرس ویکسین اور دیگر بحرانی اقدامات پر مشتعل مظاہرین کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    جمعے کو ایک اور شخص پر کیمبرج اونٹاریو میں ایک ریلی میں ٹروڈو کو دھمکی دینے کا الزام لگایا گیا تھا۔

    ملزم شین مارشل کی عدالت میں اگلی پیشی چھ اکتوبر کو ہوگی۔

    جسٹن ٹروڈو جو تیسری بار وزیراعظم بننے کے لیے کوشاں ہیں، فی الحال ان کا اپنے اہم حریف کنزرویٹو لیڈر ایرن او ٹول کے ساتھ سخت مقابلہ ہے۔

Viewing 1 post (of 1 total)
  • You must be logged in to reply to this topic.

Comments are closed, but trackbacks and pingbacks are open.