Jirga Pakistan

Viewing 1 post (of 1 total)

  • Author
    Posts
  • #8354
    Zaid
    Moderator

    وفاقی کابینہ نے پاکستان ٹیلی ویژن کی لائسنس فیس میں اضافے کی تجویز موخر کر دی ہے۔

    وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے منگل کی شام اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس کے بعد صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی وی کو درپیش مالی مشکلات کے ضمن میں کابینہ میں اس تجویز پر غور کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے پی ٹی وی میں سیاسی بنیاد پر بھرتیاں کیں جن سے یہ ادارہ تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کی ری سٹرکچرنگ کی منظوری دیدی گئی ہے اور پی ٹی وی لائسنس فیس سے متعلق تجویز تفصیلی غور و خوض کے لئے آئندہ ہفتے تک موخر کر دی گئی ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ کابینہ نے سرکاری عہدیداروں کے لئے اپنے اثاثوں کا اعلان لازمی قرار دینے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے فیصلے کی بھی تعریف کی تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے اور عوام کا اپنے نمائندوں پر اعتماد بڑھے۔

    سید شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم نے میڈیا کی واجب الادا رقوم کی ادائیگی کی بھی ہدایت کی۔

    اطلاعات و نشریات کے وزیر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ حکومت نے ملک میں آٹے کی قلت سے بچنے کے لئے سرکاری اور نجی شعبے کے ذریعے گندم درآمد کرنے کی اجازت دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے گندم کی درآمد پر ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی درخواست کی جائیگی۔

    وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے Treasury Single Account Rules، انسداد منی لانڈرنگ کے بل میں ترامیم مجریہ 2020ء ، انسداد دہشت گردی ایکٹ میں ترامیم مجریہ 1997 اور نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی ریسپانس ایکٹ مجریہ 2020ء کی منظوری دی۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پاکستان ٹیلی ویژن کی لائسنس فیس بڑھانے کی تجویز تفصیلی غور و خوض کے لئے آئندہ ہفتے تک موخر کر دی۔

    شبلی فراز نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے بارے میں بھی ایک رپورٹ کابینہ کے سامنے پیش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے غربت کے خاتمے اور سماجی تحفظ کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ان کی ٹیم کو شفاف انداز میں مستحق لوگوں کو نقد امداد کی منتقلی پر سراہا۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے آئندہ ہفتے تک میڈیا ہاؤسز کی تمام واجب الادا رقوم کی ادائیگی کی بھی ہدایت کی۔

Viewing 1 post (of 1 total)
  • You must be logged in to reply to this topic.