Jirga Pakistan

Viewing 1 post (of 1 total)

  • Author
    Posts
  • #9328
    Syed Muhammad
    Moderator

     

     

    اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاک بحریہ نے 55 واں یومِ دفاع عقیدت اور جوش وجذبے سے منایا۔ یہ دن ہماری مسلح افواج، شہداء، غازیوں اور قومی ہیروز کی عظیم قربانیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے جو کہ 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔

     

    دنیا نیوز کے مطابق  اس موقع پر اپنے پیغام میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیاجو دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے اور اُنھوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو تحمل، ہمت اور غیرت مندی سے خاک میں ملا دیا۔ پاکستانی قوم یہ دن اپنے بہادر اور جری سپاہیوں، سیلرز اور ائیر مین کی قربانیوں کی یاد میں عقیدت و احترام سے مناتی ہے جنھوں نے اپنے وطن کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی بخوبی حفاظت کی۔

    انھوں نے کہا کہ پاک بحریہ کثیرالجہتی بحری خطرات سے نبردآزما ہونے اور دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر طرح سے تیار ہے۔ امیر البحر نے کہا کہ ہمت، عزم، قربانی اور قومی سالمیت کا مظہر، یہ دن تقاضہ کرتا ہے کہ بیغرض ہو کر ملک کے لیے کام کیا جائے، قائد کے عظیم اصولوں پر کار بند رہا جائے اور اللہ تعالیٰ پر کامل یقین رکھا جائے۔

     

    دن کا آغاز بحریہ کی تمام مساجد میں خصوصی عبادات سے ہوا جس میں ملکی سالمیت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ 1965ء کی جنگ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔

    چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔ مختلف فیلڈ کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں بھی شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

    بحریہ کے تمام یونٹس اور تنصیبات میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوئیں جہاں کمانڈنگ آفیسرز نے افسران اور جوانوں کے اجتماع سے خطاب کیا اور اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ تمام بحری جہاز اور یونٹس کی بحری روایات کے مطابق تزئین و آرائش کی گئی۔ مزید برآں گوادر اور کریکس علاقوں میں یومِ دفاع کے موقع پر کشتیوں کی ریلیوں اور کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔

     

Viewing 1 post (of 1 total)
  • You must be logged in to reply to this topic.